راولپنڈی،کوئٹہ(نیشنل ٹائمز)سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بناتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 4خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی۔ حملہ آور دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کر رہے تھے ۔
فورسز نے چوکی کے احاطے سے باہر ہی گاڑی کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا،جس کے نتیجے میں خودکش بمبار ہلاک ہوگیا اور کوئی نقصان نہیں ہوا، باقی تین دہشت گرد قریبی عمارت میں چھپ گئے جہاں سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے تینوں کو ہلاک کر دیا۔کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثنا بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں فتنہ الخوارج کومسلسل تباہی کا سامنا ہے ۔سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن العزم کے تحت بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں فتنہ الخوارج کو مسلسل تباہی کا سامنا ہے ، اب تک ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے جبکہ کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کی متعدد کمین گاہوں کو تباہ کردیا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کامیاب آپریشن کے دوران اسلحہ، بارود اور آئی ای ڈی تیار کرنے کا مواد بھی برآمد کیا گیا، سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی مصدقہ اطلاعات ہیں۔واضح رہے بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔



