زیارت(نیشنل ٹائمز)بلوچستان کے ضلع زیارت دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا جس سے 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ایس پی زیارت نے بتایا کہ زیارت کے علاقے کچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا، دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، شہداء میں دو ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان شامل ہیں، گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔
ایس پی زیارت نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئیں، واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش اور علاقے کی کلیئرنس کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، شہید اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔



