ریاض(نیشنل ٹائمز)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم بنائے گا۔سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اپنی اعلیٰ قیادت کی ہدایات کے تحت پاکستانی ہم منصب، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی سے ملاقات کی، اس اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ،اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب نے دونوں ممالک کے مابین سٹرٹیجک شراکت داری اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے سکیورٹی کے شعبے میں ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ،شہزادہ عبدالعزیز نے دستخط شدہ معاہدے کو دونوں برادر ممالک کے گہرے اور مستحکم تعلقات کا عکاس قرار دیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے ریاض ریجن میں واقع جدید ترین یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سنٹر (911)کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
انہوں نے سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جہاں انہیں تمام متعلقہ سکیورٹی اور سروسز کے اداروں کے مابین بہترین ہم آہنگی، روابط اور انضمام کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کی جانے والی جدید ترین ٹیکنالوجیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے شہریوں، مقامی مقیم افراد اور زائرین کے لیے ہنگامی رپورٹس پر انتہائی تیز رفتار اور درست ردعمل (کوئیک رسپانس) کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکام کی کوششوں اور جدید تکنیکی نظام کو خاص طور پر سراہا۔واضح رہے کہ ریاض ریجن کا یہ مرکزی آپریشنز سنٹر (911) سعودی عرب کے اہم ترین سکیورٹی انفراسٹرکچر میں شمار ہوتا ہے ، جو ریاض شہر کے علاوہ خطے کی 22 گورنریٹس (محافظات) کو اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ ایک ہی چھت تلے قائم اس جدید ترین کنٹرول روم میں 62 آپریشنل ورکنگ یونٹس چوبیس گھنٹے متحرک رہتے ہیں جو تمام ہنگامی نوعیت کی کالز کو موصول کر کے فوری کارروائی یقینی بناتے ہیں۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان کردیا،پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا سٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے ۔ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا سٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے ۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے ، دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا سٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔



