لاہور(نیشنل ٹائمز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژنری اقدامات کے تحت پنجاب کی بیٹیوں کیلئے پہلی بار سکل انہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ پروگرام (سحر)جیسامثالی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت پنجاب بھر کی عام خواتین کو گھر بیٹھے فنی تربیت دی جائیگی اور ہنرمند بنایا جائیگا،ہنرمند لیبر فورس میں خواتین کا تناسب بڑھانے کے سحرپروگرام پر97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، صوبہ بھر میں5365 خواتین کو گھر بیٹھے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی، دوردراز علاقے ،سیمی اربن اور اربن علاقوں میں بیوٹیفکیشن سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ٹریننگ کورسز کرائے جائیں گے ۔ پی ڈی سی پی کے ذیلی ادارے آئی تھم کے اشتراک سے 1260 خواتین کیلئے ہاسپٹیلٹی کورس کرائے جائیں گے ۔سحر پروگرام کے تحت کی ہاسپٹیلٹی ٹرینی خواتین کو کلنری آرٹس، بیکنگ، گیسٹ ریلیشن، فرنٹ ڈیسک اور ایئر لائن مینجمنٹ سکھائی جارہی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں سحرپروگرام کے تحت ہاسپٹیلٹی ٹریننگ کورس کے پہلے بیج نے ٹریننگ مکمل کر لی۔ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں ٹرینی خواتین کو ہیر اسٹائلنگ، سکن کیئر، میک اپ اور نیل آرٹ بھی سکھائے جارہے ہیں۔
2040 ٹرینی خواتین کوپی ایس ڈی ایف کے اشتراک سے چھ ماہ کا ڈیجیٹل سکل کا ٹریننگ کورس کرایا جائے گا۔ سحرپروگرام کے تحت ٹرینی خواتین کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکیج اور ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سحر پروگرام میں ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین کیلئے کامیابی کی دعاکی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی عورت معاشی طور پر مضبوط ہوگی تو ملک بالخصوص پنجاب ترقی کرے گا،پنجاب کی ویمن پاپولیشن کو قابل قدر اثاثہ بنارہے ہیں، سحرپروگرام کے اجرا کا مقصد خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ بیوہ، مطلقہ اور مینارٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین کو سحرپروگرام میں ترجیح دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کیلئے پہلی مرتبہ گھر کی دہلیز پر ووکیشنل سکل پروگرام کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئیں گے ،ٹریننگ کورس کرنے والی خواتین باآسانی اپنا روزگار کما کر معاشرے کی مفید شہری بن سکتی ہیں، حکومت پنجابسحر پروگرام کے تحت ٹریننگ خواتین کے لئے جاب پلیسمنٹ کے مواقع بھی مہیا کرے گی ۔پنجاب میں خواتین کیلئے گھر کی دہلیز پر ووکیشنل ٹریننگ کا مقصد صنفی مساوات قائم کرنا ہے۔



