اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے امن کیلئے تاریخی سفارتی کردار ادا کیا۔آصف زرداری نے ایران، امریکا مفاہمتی یادداشت کو خطے کیلئے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ نہیں بلکہ امن ہی ترقی کا واحد راستہ ہے ، تنازع سے خطے اور عالمی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بحران کے دوران متوازن اور اصولی کردار ادا کیا، تمام فریق ایم او یو پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔صدر زرداری نے کہا کہ اسلام آباد معاہدہ پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے ، ہیرو وہ ہیں جنہوں نے جنگ ختم کی، جنگ شروع کرنے والے نہیں، خطے کی قومیں اب ترقی اور خوشحالی پر توجہ دیں۔قطر، سعودی عرب، ترکی، مصر، چین اور روس کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ امن ہی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے ، پاکستان خطے کے امن و خوشحالی کیلئے پرعزم ہے ، حتمی امن معاہدے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔
ہیرو وہ جنہوں نے جنگ ختم کی : صدر زررداری



