کراچی (نیشنل ٹائمز) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بے بنیاد الزامات اور پرانی فرسودہ کہانیوں کے سہارے اپنی سیاست زندہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔
متحدہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ نعروں، الزامات اور بحران پیدا کرنے کے گرد گھومتی رہی ہے ، آج بھی وہی پرانا طرز عمل دہرایا جا رہا ہے ، صوبائی خود مختاری، آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو سب سے زیادہ ایم کیو ایم نے متنازع بنانے کی کوشش کی، کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق ہیں جنہیں کسی بھی پروپیگنڈے سے جھٹلایا نہیں جا سکتا، کسی بھی عوامی مقام کے حوالے سے اگر کوئی قانونی یا انتظامی مسئلہ ہے تو اس کا حل عدالتوں اور متعلقہ اداروں کے ذریعے ہونا چاہئے ۔افسوس جو عناصر برسوں اپنی ناکام انتظامیہ اور مفاداتی سیاست کے ذریعے شہر کے مسائل بڑھاتے رہے ، آج دوبارہ خود کو نجات دہندہ بنا کر پیش کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو نہ صرف اختیارات دیے ہیں بلکہ مالی وسائل اور قانونی سپورٹ بھی فراہم کی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کراچی کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا معاشی مرکز ہے ، جو عناصر ترقی کے ہر قدم پر تنقید کو اپنا سیاسی ہتھیار بناتے ہیں وہ دراصل خود اپنے سیاسی زوال کا اعتراف کر رہے ہوتے ہیں۔ سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ فاروق ستار فرسودہ اسکرپٹ کے ذریعے عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے ۔ فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الزامات کی ہانڈی بار بار نہیں چڑھتی، جب آپ کے پاس پاور تھا تب شہر کو ملبہ بنایا، اب بنتا ہوا شہر آپ سے دیکھا نہیں جاتا۔جو جماعت برسوں بھتہ خوری اور خوف کی علامت رہی آج کس منہ سے بات کر رہی ہے ؟ ۔ ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا فاروق ستار کی یادداشت کمزور ہے ، کے ایم سی کو کس نے کنگال کیا؟ عوام جانتے ہیں، ہل پارک اور دیگر تفریحی مقامات پر کسی کو غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہل پارک ہو یا گل پلازا، قانون کا ہتھوڑا سب پر برابر چلے گا۔ انہوں نے کہا الزام تراشی کی سیاست کا وقت ختم، اب فیصلہ صرف میرٹ اور کارکردگی پر ہو گا۔کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔



