اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی/یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس آج یکم جون کو اسلام آباد پہنچیں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ پاکستان ،یورپی یونین سٹر ٹیجک ڈائیلاگ کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ، یہ ڈائیلاگ دونوں فریقوں کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا اعلیٰ ترین پلیٹ فارم ہے ، یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کی وزیرِ اعظم شہباز شریف ،صدر مملکت سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں ،پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دیرینہ اور ہمہ جہتی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ اقدار، مضبوط اقتصادی تعاون اور کثیرالجہتی نظام سے مشترکہ وابستگی پر مبنی ہیں ،یہ متوقع دورہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلی سطحی سیاسی روابط کے تسلسل کا عکاس اور باہمی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے ۔



