پیرس،لندن،ٹوکیو(اے ایف پی)امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی جبکہ دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے ۔۔۔
برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت ساڑھے 5فیصد کم ہو کر 94اعشاریہ73ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ6فیصد کمی سے 90اعشاریہ88ڈالر فی بیرل کا ہو گیا ۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھلنے اور خلیجی بحری ٹریفک کی بحالی کی توقعات میں اضافہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا جارہا ہے ۔تیل کی قیمتوں میں کمی کی خبر پر ایشیائی مارکیٹوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی جبکہ ٹوکیو سٹاک مارکیٹ تقریباً تین فیصد اضافے کے ساتھ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ یورپی مارکیٹوں میں بھی سرمایہ کار متحرک رہے ۔ ماہرین کے مطابق اگر معاہدہ طے پا جاتا ہے تو عالمی معیشت کو ریلیف مل سکتا ہے تاہم مہنگائی اور شرح سود کے خدشات بدستور برقرار ہیں۔



