بیجنگ (نیشنل ٹائمز) آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے ساتھ عظیم عوامی ہال میں ایک غیر رسمی ملاقات ہوئی، جو ایک پُروقار استقبالیہ تقریب کے موقع پر انجام پائی۔
تقریب کے دوران چینی وزیراعظم لی چیانگ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور ان کے ساتھ مصافحہ کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال بھی ہوا، جس میں پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ دونوں شخصیات نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس وقت وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں، جہاں پاکستانی وفد مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شرکت کر رہا ہے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



