نیویارک (نیشنل ٹائمز) شمالی امریکہ میں ذی الحج 1447 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق اہم پیشگوئی سامنے آگئی۔ امریکی محکمہ موسمیات، فلکیات، نیول نیویگیشن اور قمری کیلینڈر کے مطابق شمالی امریکہ میں ذی الحج کا چاند اتوار 17 مئی 2026ء کی شام نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، جبکہ پیر 18 مئی 2026ء کو یکم ذی الحج ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق 16 مئی 2026ء کو دنیا کے کسی بھی خطے میں چاند نظر آنے کا امکان موجود نہیں، تاہم 17 مئی کی شام یورپ، افریقہ اور شمالی امریکہ میں چاند با آسانی دیکھا جا سکے گا، جبکہ 18 مئی کو دنیا بھر میں چاند واضح طور پر نظر آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شمالی امریکہ میں مقیم مسلمانوں کی بڑی تعداد گزشتہ 15 برس سے امتِ مسلمہ کے اتحاد کے پیش نظر “گلوبل مون سائٹنگ” کے متفقہ اصول پر عمل کرتے ہوئے مسجد الحرام سے ہونے والے اعلانِ رویت کو ترجیح دیتی ہے، جو شرعی روایات، عینی شہادت اور جدید فلکیاتی علوم کی روشنی میں مرتب کیا جاتا ہے۔
اگر 17 مئی کو چاند کی رویت کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یومِ حج منگل 26 مئی 2026ء جبکہ عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی 2026ء کو ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی روایات کے برعکس بعض میڈیا رپورٹس میں 17 مئی کی شام ذی الحج کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ ماضی کی طرح اس بار بھی فیصلے کے حوالے سے مختلف حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔



