لاہور (نیشنل ٹائمز))وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں فلمی صنعت کے فروغ کے لیے ایک بڑے اور انقلابی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔یہ منصوبہ لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے اندر قائم کیا جائے گا جسے ملک کا پہلا مکمل اینڈ ٹو اینڈ میڈیا پروڈکشن ہب قرار دیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اس منصوبے کے تحت فلم، ٹی وی، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے تمام شعبوں کو ایک ہی چھت تلے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ پاکستان کی فلمی صنعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔ مریم نوازنے کہاکہ پنجاب فلم سٹی میں جدیدسٹوڈیوز، ساؤنڈ سٹیجز، پوسٹ پروڈکشن لیبز اور وی ایف ایکس کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جس سے بیرون ملک انحصار کم ہوگا اور مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کی پروڈکشن ممکن بن سکے گی۔ اس کے علاوہ شوٹنگ کے لیے متنوع سیٹس، قدرتی مناظر اور ایک مرکزی جھیل بھی منصوبے کا حصہ ہونگے جبکہ بین الاقوامی ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے انعقاد کے لیے جدید کنونشن ہالز بھی تعمیر کیے جائیں گے ۔
مزید برآں میڈیا ٹریڈ ہب اور فلم و میوزک سکول کے قیام سے نوجوانوں کو تربیت اور روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس منصوبے کو تخلیقی معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ پاکستان کو عالمی میڈیا اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں مقام دلانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلم سٹی ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کو یکجا کر کے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور اس منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ دوسری طرف وزیراعلی ٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے بڑے فیصلے کئے گئے ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کی اہم شاہراہوں کو ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے گا، جبکہ لین اور لائن کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، وزیراعلٰی نے ہدایت دی کہ ٹریفک پولیس موبائل گاڑیوں پر نصب کیمروں کے ذریعے خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ کرے ۔ دوران اجلاس موٹرسائیکل سواروں کیلئے بھی سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ، زگ زیگ ڈرائیونگ کرنے والوں کی موٹرسائیکل 3 دن کیلئے تھانے میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ لین ڈسپلن، ون وے کی خلاف ورزی اور سڑک کنارے غیر قانونی پارکنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 5 لاکھ سے زائد چالان کئے اور ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں تحویل میں لیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے پیر محل میں کتے کے کاٹنے سے کمسن بچے کے جاں بحق ہونے پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی اورسوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا۔



