اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 366 روپے مقرر کر دی گئی، جبکہ ڈیزل 135 روپے سستا کر کے اس کی نئی قیمت 385 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے بعد اب امن کی فضا قائم ہو رہی ہے اور وہ ممالک جو حال ہی میں جنگ کی کیفیت میں تھے، اب مذاکرات کی میز پر آچکے ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکہ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جنگ بندی کی تجویز قبول کی اور اسلام آباد میں امن مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو ان مذاکرات کی میزبانی ملنا ایک اعزاز ہے اور حکومت نے نہایت حکمت عملی اور ذمہ داری کے ساتھ دونوں فریقین کو قریب لانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیر خارجہ، سیکیورٹی اداروں اور خصوصاً فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب اصل چیلنج مستقل امن کا قیام ہے، جس کے لیے سنجیدہ مذاکرات ضروری ہیں۔ حکومت اس عمل کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
مہنگائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کو مشورہ دیا گیا تھا کہ کچھ مالی بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں میں کمی محدود رکھی جائے، تاہم انہوں نے یہ تجویز مسترد کر دی تاکہ عوام کو مکمل ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کے لیے سبسڈی پیکج جاری رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم کا پیٹرول 12 روپے، ڈیزل 135 روپے سستا کرنے کا اعلان



