اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کے لئے ہائی پاور بورڈ اجلاس آئندہ 13 اپریل کو متوقع ہے ،وفاق کے ماتحت سروس کیڈر گروپ گریڈ 22 کی 20 کے قریب اسامیاں خالی ہیں ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کےماتحت تین سروس کیڈر گروپ کی 10 کے قریب اسامیاں خالی ہیں ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہائی پاور بورڈ اجلاس کے تمام وفاقی سروس گروپ کے گریڈ 21 کے افسران کی سالانہ کارکردگی رپورٹ سمیت دیگر رپورٹس وزیرِاعظم کو بھجوانے کی ہدایت دی ہے ، وزیراعظم افس نے ہائی پاور بورڈ اجلاس کے انعقاد کے لئے 22 گریڈ میں ترقی کے اہل افسران کی کارکردگی رپورٹ اور ریکارڈ بھجوانے کی ہدایت کر دی ، وزیراعظم شہباز شریف یا ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں وفاق کے ماتحت سروس کیڈر گروپ گریڈ 21 کے افسران کی گریڈ 22 میں ترقی کے لئے اعلیٰ اختیاراتی بورڈ اجلاس آئندہ ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے ۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے گریڈ 22 کے سینئر افسر ،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نبیل احمد اعوان کو اوگرا کے چیئرمین کا اضافی چارج دے دیا ۔وہ اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اوگرا کے چیئرمین کے طور پربھی فرائض انجام دیں گے ۔ جا ری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرری تین ماہ کیلئے یا مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک کی گئی ہے ۔ نبیل احمد اعوان نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ادھراسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جوائنٹ سیکرٹری وزارت توانائی اور وفاقی تعلیم کے تبادلے و تعیناتی کے احکامات جاری کر دئیے ۔ سیکرٹریٹ گروپ کے گریڈ 20 کے افسر سید توقیر حسین شاہ جو پاور ڈویژن میں جوائنٹ سیکرٹری تھے کو تبدیل کر کے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈویژن میں تعینات کر دیا گیا اور پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ 19 کے افسر آصف اقبال آصف جو وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈویژن میں بطور جوائنٹ سیکرٹری گریڈ 20 میں کام کر رہے تھے کو فوری طور پر واپس آڈیٹر جنرل آف پاکستان اسلام آباد بھیج دیا گیا ہے ۔
گریڈ 22میں ترقی کیلئے ہائی پاور بورڈ اجلاس 13اپریل کو متوقع



