اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے زیراہتمام پاکستان میں 5 جی انٹرنیٹ سروس کیلئے سپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیراطلاعات عطا تارڑ نے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کے ہمراہ فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا آغاز کیا اور اس موقع پر پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا۔فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا گراؤنڈ 60 منٹ کیلئے ہوگا جبکہ بولی کیلئے اہل تینوں ٹیلی کام کمپنیاں نیلامی میں حصہ لے رہی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کیلئے آج کا دن بہت اہم ہے، ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فائیو جی کی نیلامی کے حوالے سے کوششیں آج کامیاب ہوئیں، فائیو جی کی نیلامی کیلئے حکومت نے مکمل ایکوسسٹم بنایا، فائیو جی کے بہت سے یوز کیسز ہیں، ہم بلاک چین، اے آئی کی نئی انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، وزیر اعظم نے کل آن لائن کلاسز، ورک فرام ہوم کا اعلان کیا، علاقائی تنازع کے دوران یہ اقدامات اہم ہیں، اس سب کیلئے ہمیں سپیکٹرم کی ضرورت ہے، سپیکٹرم کی نیلامی کنیکٹوٹی کو بہتر بنائے گی۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار فائیو جی متعارف ہو رہا ہے، جدید دور میں آئی ٹی کی بہت اہمیت ہے، پاکستان کی معیشت کی بنیاد انٹرنیٹ ہے، جدید انٹرنیٹ کی سہولت ہر ایک کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان صرف 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم پر چل رہا تھا جبکہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سپیکٹرم آکشن ہو رہا ہے، اس اقدام کے بعد جلد فور جی سروس میں نمایاں بہتری نظر آئے گی جبکہ آئندہ 6 ماہ کے اندر بڑے شہروں میں فائیو جی سروس دستیاب ہو جائے گی۔شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، ملکی ترقی میں ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے، فائیوج ی انٹرنیٹ کے اجرا کے بعد ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔تقریب کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ آج وہ دن آگیا جس کا خواب دیکھا تھا، سپیکٹرم کی نیلامی کو ممکن بنانے کیلئے تمام اداروں کا شکرگزار ہوں، ملک میں سپیکٹرم کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج تھا، پی ٹی اے،فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ نے سپیکٹرم کی دستیابی ممکن بنائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 5 جی انٹر نیٹ سروس سے ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی جدید سہولت میسر ہوگی، انٹر نیٹ کی فراہمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑی رکاوٹ ہے۔میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ہائی وے ہے، یہ پاکستان کا انجن ہے، آج پاکستان کیلئے تاریخی دن ہے، ہم نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں، پاکستان ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے رائیٹ آف وے چارجز ختم کر دیئے، رائیٹ آف وے چارجز 36000 روپے فی کلو میٹر سے زیرو کر دیئے گئے۔چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کی سہولت کیلئے جو ممکن ہوسکا حکومت نے کیا، اب بال انڈسٹری کے کورٹ میں ہے،امید ہے انڈسٹری بھرپور شرکت کرے گی۔
پی ٹی اے کے زیراہتمام پاکستان میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز



