اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی قبضہ سے کشمیر کی آزادی تک جنوبی ایشیا محفوظ نہیں ہو سکتا۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے، اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا، وزیراعظم شہباز شریف بھی ایوان میں موجود ہیں، پارلیمنٹ کے اس خصوصی اجلاس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنر بھی شریک ہیں جبکہ غیر ملکی سفیر بھی شریک ہیں، آغاز میں قومی ترانہ بجایا گیا، تلاوت کلام پاک ہوئی جس کے بعد صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔صدر مملکت نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور 2 بار منتخب صدر مملکت پارلیمنٹ سے یہ میرا 9واں خطاب ہے، نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر ہمیں اسی عزم کو آگے بڑھانا ہے، قوموں کا امتحان صرف بحران میں نہیں ،اہم موڑ پر بھی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریہ کی طاقت آئین ، عوامی ثابت قدمی،پارلیمنٹ اور حکومت کی ذمہ داری ،مسلح افواج کے حوالے میں مضمر ہے، ملکی خودمختاری کا تحفظ، آئین کی حکمرانی اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے، اپنے شہریوں کی خوشحالی اور امن کیلئے ترقی اور استحکام کا عمل آگے بڑھانا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم ان بنیادوں پر کھڑے ہیں جو ہماری قومی جدو جہد کے معماروں نے رکھی تھیں، قائد اعظم نے ایسی جمہوری ریاست کا تصور پیش کیا جو آئین اور قانون کی حکمرانی پر قائم ہو، شہیدذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ آئین دیا۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے قربانی اور مثالی قیادت سے جمہوری عمل کو مضبوط کیا ، پارلیمنٹ کی بالادستی پر میرا یمان صرف الفاظ تک محدود نہیں،عملی اقدامات سے ظاہر ہے، سلامتی کونسل رپورٹ میں افغانی دہشتگردوں کو علاقائی سے بڑھ کر عالمی خطرہ قرار دیا گیا۔
بھارتی قبضے سے کشمیر کی آزادی تک جنوبی ایشیا محفوظ نہیں ہو سکتا: صدر زرداری



