تہران (نیشنل ٹائمز) ایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف اپنی جوابی کارروائی کو ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ کا نام دے دیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے خطے میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی اڈوں کے علاوہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں (اسرائیل) کے مرکزی حصوں میں واقع فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آپریشن وعدہ صادق 4‘ امریکی فوج اور صہیونی حکومت کے خلاف کیا جا رہا ہے، جس کے تحت دشمن کے علاقائی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔



