اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔
کینڈی میں کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز اسکور کیے۔ صاحبزادہ فرحان نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 100 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 84 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا کو 147 رنز یا اس سے کم پر آؤٹ کرنا ضروری تھا تاکہ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی جا سکے۔
تاہم پاکستانی بولرز سری لنکا کو مطلوبہ حد تک محدود نہ کر سکے۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے شکست تو دے دی، لیکن سری لنکن ٹیم 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 207 رنز بنانے میں کامیاب رہی، جس کے باعث پاکستان مطلوبہ مارجن حاصل نہ کر سکا اور یوں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔
پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرنے کی صورت میں گروپ ٹو سے نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جبکہ انگلینڈ پہلے ہی فائنل فور میں اپنی جگہ یقینی بنا چکا تھا۔



