اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے اس بابرکت مہینے کو رحمت، مغفرت اور روحانی تربیت کا عظیم ذریعہ قرار دیا ہے۔
ایوان صدر اور وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری علیحدہ علیحدہ پیغامات میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ رمضان المبارک پوری امت مسلمہ کے لیے اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت ہے جو تقویٰ، صبر، ایثار اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت ’’يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ…‘‘ (سورۃ البقرہ: 183) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روزے کا بنیادی مقصد تقویٰ کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ نفس کی تربیت، کردار کی پاکیزگی، باہمی اخوت، برداشت اور معاشرتی ناانصافیوں کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک نہ صرف بدنی عبادات کا مہینہ ہے بلکہ روزمرہ زندگی میں صبر، نظم و ضبط، احساسِ ذمہ داری، ایثار اور حقوق العباد کے احترام کی عملی تربیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ انفرادی و اجتماعی سطح پر کردار کی اصلاح اور کمزور طبقات کے ساتھ ہمدردی کا شعور اجاگر کرتا ہے۔ بحیثیت قوم رمضان ہمیں اجتماعی خیر سگالی اور فلاحی اقدار کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان نے معاشرے کے کمزور طبقات کی معاونت کے لیے خصوصی رمضان پیکج کا آغاز کیا ہے جس کے تحت مستحق افراد کو باعزت طریقے سے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ سحر و افطار کے اخراجات بآسانی پورے کر سکیں۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران سچائی، دیانتداری، عدل و انصاف اور خدمت خلق کو فروغ دیا جائے گا اور قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی سے نوازے اور ہمیں رمضان المبارک کی حقیقی روح کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔



