جوہری افزودگی حق، میزائل پر وگرام پر بات نہیں کرینگے ، جنگ کیلئے تیار: ایران

قاہرہ،تہران،واشنگٹن (نیشنل ٹائمز) ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جوہری افزودگی ناقابل تنسیخ حق ہے ،یہ عمل جاری رہے گا، تاہم امریکا کے ساتھ اس معاملے پر اطمینان بخش معاہدہ کرنے کیلئے تیار ہیں،میزائل پروگرام پر کسی صورت بات نہیں کرینگے ،میزائل ایران کے دفاع سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے ان پر کوئی سمجھوتا ممکن نہیں،انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو تہران مشرقِ وسطٰی میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔ ایران پڑوسی ملکوں کے خلاف حملہ نہیں کرے گا بلکہ صرف امریکی اڈوں پر حملہ کرے گا تاکہ میزبان ممالک کی خودمختاری متاثر نہ ہو،تہران کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اگر امریکا نے حملہ کیا تو ایران جنگ کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا امریکی بمباری سے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ عباس عراقچی نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات جلد بحال ہونے کی امید ہے تاہم ایران کی سرخ لکیریں واضح ہیں۔عمان میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کو عراقچی نے مثبت آغاز قرار دیا اور کہا کہ اعتماد سازی میں وقت لگے گا۔ عراقچی کے مطابق ایران اپنی سلامتی پر کوئی دباؤ قبول نہیں کرے گا ، مذاکرات میں صرف وہی نکات شامل ہوں گے جو ہمارے قومی مفادات اور خودمختاری سے ہم آہنگ ہوں۔ اپنے حقوق سے دستبردار ہوئے بغیر ایسے معاہدے پر تیار ہیں جو عالمی خدشات کو دور کر سکے ۔ مذاکرات قومی مفادات اور خودمختاری کے دائرے میں رہ کر ہی ممکن ہوں گے ۔عراقچی نے کہا امریکا کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کی تاریخ تاحال طے نہیں کی گئی، تاہم دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ بات چیت جلد ہونی چاہیے۔تہران اور واشنگٹن مذاکرات کے تسلسل کے خواہاں ہیں تاہم اعتماد سازی کے لیے وقت درکار ہوگا۔ عباس عراقچی نے کہا اسرائیل کی عسکری توسیع اور پڑوسی ممالک پر دباؤ ڈالنا ایک غلبہ پسندی کا نظریہ ہے ۔ اسرائیل کو اپنے فوجی ہتھیار بڑھا نے کی کھلی چھوٹ ہے جبکہ دیگر ممالک کو ہتھیار کم کرنے اور دفاعی صلاحیت محدود کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ ایران اس نظریے کی شدید مخالفت کرتا ہے جس کامقصد خطے میں طاقت کے توازن کو نقصان پہنچانا ہے ۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطین ہمارے خطے کی اسٹریٹجک اور اخلاقی سمت متعین کرتا ہے ، دوحہ میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین عالمی انصاف کا امتحان ہے ۔ غزہ میں جاری صورتحال محض جنگ نہیں بلکہ شہری آبادی کی دانستہ اور بڑے پیمانے پر نسل کشی ہے۔ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دئیے جس کے تحت ایرانی تجارتی شرکت داروں پر اضافی ٹیرف لگایا جائیگا ، ٹیرف 25 فیصد تک ہو سکتا ہے ،روس، جرمنی، ترکیہ ، امارات سمیت دیگر ممالک متاثر ہوں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات بہت اچھے رہے اور اگلے ہفتے پھر ملاقات ہوگی۔ ایرانی ریاستی ٹی وی کے مطابق حکام نے کالعدم کردستان فری لائف پارٹی کے 11 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے ، گرفتار شدگان کارروائی کرنے سے پہلے پکڑے گئے ، ایران، ترکیہ اور امریکا نے اس گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے ۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بدھ کو واشنگٹن میں ٹرمپ سے ملاقات کریں گے ، جس میں ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یہ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد دونوں رہنماؤں کی چھٹی ملاقات ہوگی۔امریکی صدر کے ایران سے مذاکرات کے مرکزی نمائندے اسٹیو وِٹکوف اور جیرڈ کشنر نے بحیرہ عرب میں موجود امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کا دورہ کیا ہے ،وٹکوف نے کہا یہ جہاز صدر ٹرمپ کے “امن بذریعہ طاقت” کے پیغام کو تقویت دے رہا ہے ۔ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہفتے کو ہزاروں مظاہرین نے ایرانی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ پولیس کے مطابق برانڈنبرگ گیٹ پر ایرانی جلاوطن اپوزیشن گروپ ایم ای کے کے زیر اہتمام مظاہرے میں 10 ہزار افراد شریک ہوئے ۔ ایک اور ریلی سابق ایرانی شاہ کے بیٹے رضا پہلوی کے حامیوں نے نکالی، جس میں 1600 افراد شامل تھے ۔



  تازہ ترین   
ایران نے جنگ بندی کی درخواست کردی: ٹرمپ کا دعویٰ
سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں 2 کامیاب آپریشنز، 13 دہشت گرد ہلاک
جنگ ختم کرنے کو تیار، ضمانت دی جائے تنازع دوبارہ شروع نہیں ہوگا: ایرانی صدر
آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے پرعزم ہیں: وزیراعظم
ایران کے جوابی حملے، امریکی اینٹی ڈرون اور ارلی وارننگ ریڈار سسٹم تباہ، لڑاکا طیاروں کا عملہ بھی نشانہ بن گیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 2 سے 3 ہفتوں میں ایران جنگ سے نکلنے کا اعلان
ایران کے ساتھ جاری جنگ میں غیر جانبدار رہنے کیلئے پرعزم ہیں، شامی صدر
امریکی ایف 35 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ نے بحفاظت ایجیکٹ کر لیا





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر