اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وفاق اور صوبائی حکومتیں ملک بھر کے ایک کروڑ سے زائد مستحق افراد کے لیے 110 ارب روپے سے زائد کا رمضان ریلیف پیکیج دینگی ۔ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان ریلیف پیکیج لانے کی تیاری حتمی مراحل میں ہیں ۔ وفاق 30 ارب روپے کا رمضان پیکیج دے گا اور اس کے علاوہ 10 ارب روپے اضافی مختص کیے جا سکتے ہیں۔ مستحقین کو گزشتہ سال کی نسبت دوگنی رقم رمضان پیکیج کے تحت فراہم کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وفاق اور صوبوں کی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج میں تجاویز کو شامل کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ماہانہ 50 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو شامل کرنے پر غور کر رہی ہے ۔پنجاب نے رمضان ریلیف پیکیج کے لیے 45 ارب روپے مختص کیے ہیں، سندھ حکومت 25 ارب روپے ،خیبرپختونخوا حکومت 10 سے 13 ارب روپے کا رمضان پیکیج دے گی۔ پختونخوا حکومت15 ہزار روپے تک فی کس فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔وفاق کی جانب سے گزشتہ سال رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 20 ارب روپے جاری کیے گئے تھے ۔ وزارت خزانہ، وزارت صنعت اور وزارت تخفیف غربت نے رمضان ریلیف پر ورکنگ کی ہے ۔ وفاق نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ خصوصی سکور کے مستحق افراد تک ریلیف پیکیج پہنچانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پیکیج میں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ رقم مختص کی جائے اور مستحق افراد تک زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جائے ۔ذرائع کے مطابق رمضان ریلیف پیکیج کے تحت چینی رعایتی نرخوں پر رمضان بازاروں میں فراہم کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ مستحقین کو ایس ایم ایس سروس 8070 پر رجسٹریشن کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے مستحق افراد کے لیے 47 ارب روپے مالیت کا رمضان ریلیف پیکیج منظور کیا ہے ۔ مستحق افراد کو نگہبان کارڈز فراہم کیے جائیں گے ، نگہبان دسترخوان اور سہولت بازار قائم کیے جائیں گے ۔ پیکج کے تحت ہر مستحق خاندان کو 10،10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے اور ون لنک نیٹ ورک اے ٹی ایم کے ذریعے کیش بھی حاصل کیا جا سکے گا۔
ملکی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج، 110 ارب مختص، 1 کروڑ لوگوں کو ریلیف



