برسلز (نیشنل ٹائمز) برسلز کے دورہ کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان ہاؤس میں یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں جنوبی ایشیائی تعلقات کمیٹی کے سربراہ، امور خارجہ کمیٹی کے نائب سربراہ، کمیٹی برائے بین الاقوامی تجارت، سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس اور امور خارجہ کمیٹی کے کورڈینیٹرز سمیت اہم اراکین نے شرکت کی۔ یورپی یونین کے سفیر رائمونڈس کاروبلس بھی عشائیے میں شریک ہوئے۔
نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ نے پاکستان ہاؤس آمد پر یورپی اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ کثیرالجہتی تعاون، خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ برسلز میں منعقدہ انڈو پیسیفک وزارتی فورم میں شرکت اُن کے لیے باعثِ مسرت ہے اور ان کی آمد کا مقصد یورپی ہم منصب کایا کلاّس کے ساتھ ساتویں تزویراتی مذاکرات کا انعقاد بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ کثیرالجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ نے کہا کہ بدلتے ہوئے جغرافیائی منظرنامے میں پاکستان، یورپی یونین کو امن، استحکام اور ترقی کا اہم ستون سمجھتا ہے اور دونوں کے مابین گہری شراکت داری اس استحکام کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس شراکت داری کو سیاسی، معاشی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، جس کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع رکھتا ہے۔ زراعت، ٹیکسٹائل، ہاؤسنگ اور آئی ٹی سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور یورپ کی بڑی کاروباری کمپنیاں ان سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس میکانزم کے تحت پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برسلز میں یورپی ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ



