برسلز (نیشنل ٹائمز) نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج برسلز میں یورپی کونسل کا دورہ کیا، جہاں یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ کی یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان کثیرالجہتی شراکت داری کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے دو طرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان کے لیے یورپی یونین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ قدر قرار دیا۔ ملاقات میں جی ایس پی پلس، موسمیاتی تبدیلی، تجارت کے فروغ اور علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال سمیت کئی اہم شعبوں پر خصوصی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی بھی موجود تھے۔



