پراگ(شِنہوا)چینی فلم’’گریٹ لوو دون ہوانگ‘‘کو پراگ میں جاری آسیان پلس3 فلم فیسٹیول کے حصے کے طور پر دکھایا گیا۔ فیسٹیول میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے رکن ممالک کے علاوہ چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے فلم کے شعبے کے کام کو یکجا کیا گیا ہے۔
جمہوریہ چیک میں چین کے سفیر فینگ بیاؤ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دون ہوانگ چین کی حہ شی راہداری کے مغربی سرے پر واقع ہے اور قدیم شاہراہ ریشم کے ساتھ ایک اہم مرکز ہے۔ تاریخی طور پر یہاں مختلف نسلی برادریوں اور تہذیبوں کے درمیان بڑے تبادلے دیکھنے کو ملے ہیں۔
یہ فلم دون ہوانگ ثقافتی آثار کو محفوظ بنانے کے حوالے سے محقیقن کی تین نسلوں کی لگن کی کہانی ہے جو دون ہوانگ کی شان و شوکت اور گہری تاریخ کو ظاہر کرتی ہے۔یہ فلم پراگ میونسپل لائبریری میں انگریزی اور چیک زبان کے ترجمہ کے ساتھ دکھائی گئی۔
فلم دیکھنے والوں میں ایک چیک سیاح ویکلاو لائیفر بھی تھے جنہوں نے دو دہائیاں قبل دون ہوانگ کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ مجھے دلی خوشی ہوئی ہے کہ آج اس قیمتی ورثے کو مضبوط قومی حمایت حاصل ہے۔
آسیان پلس3 فلم فیسٹیول جمہوریہ چیک کے دارالحکومت میں 3 سے 10 ستمبر تک جاری رہے گا۔ چین نے اس فیسٹیول میں چائنہ۔لاؤس ریلوے کے متعلق بھی ایک فلم پیش کی ہے۔
چینی فلم پراگ میں آسیان پلس 3 فلم فیسٹیول میں نمائش کے لئے پیش
