مظفر گڑھ (نیشنل ٹائمز)دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث مظفر گڑھ میں سیکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، امدادی کارروائیاں رنگپور، دوآبہ، سنکی، خان گڑھ، وہیلاں والی، بنڈہ اسحاق اور عظمت پور میں کی گئیں۔پولیس کے مطابق ضلع بھر میں ریسکیو کی 32 اور پولیس کی 8 کشتیاں لوگوں کو ریسکیو کر رہی ہیں، آرمی، وائلڈ لائف کی کشتیاں اور پرائیویٹ کشتیاں بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہیں۔اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ دریائے راوی اور دریائے ستلج میں بھی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، 32 دیہات کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کی چھٹیوں میں 8 تا 14 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے اور سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجےکا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ترجمان پی ڈی ایم کے کا بتانا ہے کہ 9 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے ہے۔
دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، مظفر گڑھ میں سیکڑوں دیہات ڈوب گئے
