اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) سیاسی و عسکری قیادت نے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدرکو 67 ویں یومِ شہادت کے موقع پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میجر طفیل محمد شہید (نشانِ حیدر) کو ان کے 67ویں یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے مادرِ وطن کے دفاع میں بے مثال جرأت اور قربانی کی داستان رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آج ان ہیرو کی قربانیوں کی بدولت محفوظ ہے اور قوم ان کے لازوال کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر اور وزیرِاعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو ہر محاذ پر دشمن کا دلیری سے مقابلہ کر رہی ہیں۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئر چیف نے مشترکہ پیغام میں میجر طفیل محمد شہید کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میجر طفیل شہید نے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی دلیری اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کی افواج پر جرات مندانہ حملے کی قیادت کی اور شدید زخمی ہونے کے باوجود اپنے مشن کو کامیابی سے مکمل کیا، ان کی اس بے مثال بہادری پر انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز “نشانِ حیدر” سے نوازا گیا۔
مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق میجر شہید کی قربانی جرات، حب الوطنی اور عزم کی روشن مثال ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ شہداء کی قربانیاں ہی وطن کے امن، استحکام اور خودمختاری کی ضمانت ہیں۔
قوم ان ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن کے لیے لازوال قربانیاں دیں، ان کی ہمت اور بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



