اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) پولیس ذرائع کے مطابق کیس کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں دونوں افسران کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔راجہ عمرخطاب اور فرخ یونس کو فوری طور پر سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 25 دسمبر کو کراچی میں پولیس کی وردی پہنے ملزمان کی جانب سے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی واردات سامنے آئی تھی۔ ملزمان نے شہری کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔متاثرہ شہری ارسلان نارتھ کراچی کارہائشی ہے اور کرنسی کا آن لائن کاروبار کرتا ہے۔ واقعےکا مقدمہ منگھوپیر تھانے میں درج کیا گیا جس کی تفتیش اے وی سی سی کو منتقل کی گئی۔گزشتہ دنوں واقعے میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے ایک سی ٹی ڈی سول لائنز کا اہلکار تھا۔ذرائع کے مطابق شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں گرفتار عمیر چونکہ راجہ عمرخطاب کی ٹیم میں تھا، اس لیے انہیں عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی پولیس موبائل چونکہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ سی پیک کی تھی اس لیے ڈی ایس پی سی پیک سکیورٹی فرخ یونس کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا۔
کراچی: شارٹ ٹرم اغواکی تحقیقات، انچارج سی ٹی ڈی اور ڈی ایس پی سی پیک سکیورٹی عہدوں سے فارغ



