نیویارک (نیشنل ٹائمز ) اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا ہے کہ غزہ کے علاقے شجاعیہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کے بعد کم ازکم 60 ہزار فلسطینی بیگھر ہوگئے۔ ترجمان اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے علاقے المواسی میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 5 ہزارفلسطینی بیگھر ہوگئے جب کہ کئی افراد زخمی ہیں۔ یو این کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین کے مطابق غزہ کے فلسطینی تباہ شدہ عمارتوں اور کیمپوں میں رہ رہے ہیں، غزہ میں کیمپوں کے قریب گندگی کے ڈھیر والیحالات ناقابل برداشت ہیں اور غزہ میں قحط شدت اختیارکررہا ہے جب کہ بیماریوں کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔ دوسری جانب غزہ سٹی میں گزشتہ رات اسرائیلی فوجی حملوں میں4 بچوں سمیت6 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔ واضح رہیکہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک کم از کم 37,765 فلسطینی شہید اور 86 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
شجاعیہ میں اسرائیل فوج کی کارروائی سے مزید 60 ہزار فلسطینی بے گھر، غزہ میں قحط کی صورتحال



