لاہور(نیشنل ٹائمز) سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو جیل سے رہا کردیا گیا۔ جیل حکام نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کو تمام کیسوں میں رہائی ملنے پر رہا گیا ۔جیل حکام کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کو جیل سے انکے وکیل لے کر گھر روانہ ہوگئے ہیں،پرویز الٰہی کی جانب سے 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے گئے ،چوہدری پرویز الٰہی کوٹ لکھپت جیل سے ظہور الٰہی پیلس پہنچ گئے۔ لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کا حکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی بھرتی کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے چوہدری پرویز الٰہی کی پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنایا۔پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں کا موقف تھا کہ پرویز الٰہی کا اِن بھرتیوں سے کوئی تعلق نہیں تھا، اینٹی کرپشن نے مقدمہ 2 سال کی تاخیر سے درج کیا۔ انہوں نے کسی امیدوار سے بھرتی کیلئے رقم وصول نہیں کی۔ اینٹی کرپشن نے پرویز الٰہی کے گھر سے جعلی ریکوری ڈالی۔ اینٹی کرپشن کے وکیل نے کہا کہ پرویز الٰہی پر مقدمہ قانون کے مطابق درج کیا۔ عدالت نے پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ پرویزالٰہی کو 25 اکتوبر 2023 کو گرفتار کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی جیل سے رہا



