اسلام آباد(نیشنل ٹائمز ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان، اردن کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں ،دونوں ممالک اہم علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ تفصیل کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی سے اردن کے سفیر معین خراست نے پارلیمنٹ ہائو س میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سپیکرایازصادق کا اس موقع پر کہناتھا کہ دونوں ممالک نے علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے ۔مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام مسلم ممالک کے مابین اتحاد بین المسلمین اور قریبی رابطے وقت کی اہم ضرورت ہے۔عوامی اور پارلیمانی سطح پر رابطے دونوں ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت و جارحیت کی پرزور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطین میں جاری اسرائیل کی جانب سے ریاستی دہشتگردی اور جارحیت کا نوٹس لے اور فوری خاتمے کے لیے کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا پاکستان 1967سے پہلے والی سرحدوں پر آزاد فلسطین ریاست کے قیام اور القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے اصولی موقف پر قائم ہے۔اردن کے سفیر نے اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے اردن کے لیے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور سردار ایاز صادق کو اسپیکر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ اردن پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے، سفیر معین خراست سفیر نے دونوں ممالک کی مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانوں کے مابین اسپیکر کی رابطوں میں تجویز کو سراہا۔
عالمی برادری فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لے، اسکے فوری خاتمے کے لیے کردار ادا کرے، سردارایازصادق



