راولپنڈی (نیشنل ٹائمز)سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا ضلع خیبر میں ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے 2 آپریشنزکے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کیا گیا جس کے دوران 5 دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں بھی دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جس کی شناخت انعام اللہ کے طورپر کی گئی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے ۔یہ دہشت گردسیکیورٹی فورسز اورمعصوم شہریوں کیخلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکان کے پیش نظر انکے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری ہیں۔سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیاں، 6 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد



