اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رئوف حسن نے کہا کہ حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے ، ہم جمہوری طریقے سے حکومت میں آئیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رئوف حسن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، سیاست میں کوئی چیز لفظی طور پر نہیں لی جاتی۔انہوں نے کہا کہ ہم اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ اگر ہمیں انصاف نہیں ملتا تو متبادل کے طور پر پرامن احتجاج کو ہم وسیع کریں اور ہم اس پر کام شروع کر رہے ہیں۔ رئوف حسن نے سینیٹر فیصل واوڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں کون سینیٹر نہیں بن سکتا، جو جھوٹا اور چور ہو وہ بن جاتا ہے، اس کو سپانسر کرنے والے بہت بیٹھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت نہیں ہے، آج جو حکومت ہے وہ کس کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے؟ یہ عوام کی بیساکھی ہے یا اسٹبلشمنٹ کی سپورٹ کی بیساکھی ہے؟ اس نام نہاد حکومت میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ۔ رئوف حسن نے کہا کہ اس ملک میں دو طاقتیں ہیں، ایک وہ طاقت جو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ ہائوس میں بیٹھی ہے اور اسے ہم دیکھ سکتے ہیں، لیکن ان کے پاس کوئی طاقت نہیں، یہ مہرے ہیں اور بندروں کی طرح ناچتے ہیں، دوسری طاقت وہ ہے جو ہمیں نظر نہیں آرہی لیکن اصل طاقت وہ ہے اور وہی اس ملک کو چلا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ اس ملک میں ایک حقیقی مارشل لا ہے، اس مارشل لا کے پیچھے جو طاقت ہے اسی نے ہر فیصلہ کرنا ہے، اس ملک کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ آپ کی مداخلت ہے۔رئوف حسن نے کہا کہ موقع دیے جانے کے بجائے ہم جمہوری طریقے سے حکومت میں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان مینڈیٹ چوری کرکے ہمارے پاس نہیں آئے، اگر یہ مینڈیٹ چوری کرکے آتے تو ہم ان سے بھی بات نہ کرتے، آج ہم چھ ہیں عنقریب بارہ ہوجائیں گے۔
حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے، ہم جمہوری طریقے سے حکومت میں آئیں گے، رئوف حسن



