اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جسٹس(ر)جاوید اقبال 13 سال سے لاپتہ افراد کو ڈھونڈ رہے ہیں، جھوٹے مقدمے بنانے والے کو لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کے لیے رکھا ہوا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سندھ میں 16 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، وہ خود سے سوال کریں کیا صوبے میں امن قائم ہوا ہے، یہ نظام ناکام ہوگیا، ہمیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے، شخصیات پر بھروسہ کرنا ناکامی کی دلیل ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پولیس ہمیشہ لوکل ہوتی ہے، کیسز صرف سیاستدانوں کو پکڑنے کے لیے بنائے جاتے ہیں، ملک کے بہترین افراد کو ملزم بنادیا گیا، ان تماشوں کا کوئی پوچھنے والا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ جاوید اقبال کہتے ہیں سب دبائو میں کیا، جاوید اقبال 13 سال سے لاپتہ افراد کو ڈھونڈ رہے ہیں، جھوٹے مقدمے بنانے والے کو لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کے لئے رکھا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی کہتا ہوں باقی لوگوں گھر بھیجیں مجھ پر کیس چلائیں، سندھ حکومت اگر سٹیل مل خریدنا چاہتی ہے تو ضرور خریدے، 2015 میں سندھ حکومت کو ایک روپے میں سٹیل مل خریدنے کا کہا تھا، اس وقت کے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سندھ حکومت کو خط لکھا۔
جھوٹے مقدمے بنانے والے کو لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کیلئے رکھا ہوا ہے، شاہد خاقان عباسی



