اسلام آباد ( نیشنل ٹائمز ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیرافضل مروت کا کہنا ہے کہ میری حالت دن بدن تیزی سے خراب ہوتی جا رہی ہے، میں اپنے مرشد عمران خان کیلئے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں لیکن خدا گواہ ہے چاہ کر بھی نہیں کرپارہا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے چاہنے والوں کو بتاتے ہوئے تکلیف ہو رہی اور شرمندگی ہو رہی ہے کہ میری طبیعت سنبھل نہیں رہی ہے، میرے جگر کے اور دیگر ٹیسٹ ہوئے ہیں اور وہ صحیح نہیں آئے، میری حالت دن بدن تیزی سے خراب ہوتی جا رہی ہے۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ میں بہت کوشش کر رہا ہوں کہ کسی طرح سے میری طبیعت سنبھل جائے اور میں پہلے جیسا ہو جاؤں بالکل اسی طرح جس طرح سے آپ سب مجھے پسند کرتے تھے لیکن روز مجھے بخار چڑھتا ہے، اترتا ہے اور میری صحت تیزی سے گرتی جا رہی ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میں اپنے ملک کے لیے، اپنے مرشد عمران خان کے لیے اور تحریک انصاف کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں لیکن خدا گواہ ہے کہ اپنی گرتی ہوئی صحت کی وجہ سے چاہ کر بھی نہیں کرپارہا، میری صحت یابی کے لیے دعا کیجئے کہ اللہ کریم مجھے صحت کاملہ عطاء کریں، آپ سب پر سلامتی ہو۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے طبیعت خراب ہونے کے باعث پی ٹی آئی کے لاہور جلسہ میں شرکت سے بھی معذرت کرلی تھی، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز دن کے وقت میری طبیعت ٹھیک تھی لیکن شام کو بخار دوبارہ لوٹ آیا جو اس بار زیادہ شدید ہے، مجھے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، میں لاہور جلسہ میں شامل ہونے کی امید کررہا تھا لیکن کمزوری بہت ہے، ان حالات میں شاید میں لاہور کا سفر نہ کرسکوں، مجھے امید ہے لاہور اور پنجاب کے لوگ عمران خان کی حمایت کے لیے نکلیں گے، اللہ پاک پاکستانیوں کو ہمت دے۔



