اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہر قسم کی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سپن وام میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی لازوال قربانیاں ہیں، شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا اور ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، ہم ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسپن وام شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
علاوہ ازیں صدر مملکت نے دفاع وطن کی خاطر عظیم قربانی پیش کرنے پر لیفٹننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت تمام بہادر جوانوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا، صدر زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار کیا، صدر مملکت کی جانب سے شہید جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا گیا، انہوں نے تمام شہداء کیلئے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
بتایا جارہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید ، سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج بھی ہلاک ہو گئے، خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی اور لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، اس دوران شہید ہونے والے 5 بہادر سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں، 43 سالہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کا تعلق فیصل آباد سے ہے جب کہ دیگر پانچ جوانوں کا تعلق خیبر، لکی مروت، ٹانک، اورکزئی اور سوات سے ہے۔



