بیروت (نیشنل ٹائمز ) لبنان میں کشید ہ ترین صورتحال میں فلائٹس آپریشن بند ہونے سے کئی پاکستانی فیملیز بیروت میں پھنس گئیں۔ لبنان میں پھنسی پاکستانی فیملیز نے اپنے پیغام میں حکومت پاکستان سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستانیوں کو لبنان سے محفوظ انخلاء کی اپیل کی ہے، پاکستان کے محصور شہریوں نے کہا ہے کہ شام کا راستہ غیر محفوظ ہونے کے سبب لبنان سے نکلنے کا زمینی راستہ بند رہا، سفارت خانے سے 1 ماہ سے کہہ رہے ہیں کہ ہوم ورک مکمل رکھا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان لبنان کے عوام سے یکجہتی کے لیے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں پر مسلسل حملے تشویشناک ہیں، عالمی قوانین کی پامالی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے، اسرائیل لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو خطے میں اس کی مہم جوئی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے اور مشرق وسطیٰ میں امن بحال کریں، حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہادت پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید خطرات سے دوچار کرے گا۔



