راولپنڈی (نیشنل ٹائمز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ انشاء اللہ پاکستان اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا، پاکستان بے پناہ وسائل سے مالامال ہے، آرمی چیف نے دوست ممالک بالخصوص چین سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو سراہا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کراچی کورہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں پر آرمی چیف کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح کیا۔آئی ٹی پارک نوجوانوں کو اس شعبے میں معیاری تربیت فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور عمائدین نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے معیشت میں آئی ٹی کی اہمیت پر زور دیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے آئی ٹی صنعت کے فروغ کے لئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے کراچی کی تاجر برادری سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف نے معیشت کی بہتری میں تاجربرادری کے تعاون کو سراہا۔ تاجر برادری نے معیشت کے فروغ کیلئے ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا، کاروباری برادری نے مثبت معاشی اعشاریوں کے حصول میں آئی ایس ایف سی کے کردار کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے دوست ممالک بالخصوص چین سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو سراہا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے ملکی بہتری کیلئے دستیاب مواقع پر اظہار خیال بھی کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ پاکستان بے پناہ وسائل سے مالامال ہے، انشاء اللہ پاکستان اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔ آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر کراچی نے استقبال کیا۔



