نیویارک (نیشنل ٹائمز) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، مشرق وسطی میں جنگ کا پھیلائو کسی کے حق میں نہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے بطور امریکی صدر اپنا آخری خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے اسرائیل کا دفا ع کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو حق ہے کہ وہ یقینی بنائے کہ اس پر دوبارہ حملہ نہ ہو، دنیا 7 اکتوبر کے ہولناک واقعات کو کبھی نظر انداز نہیں کرسکتی۔ اسرائیل پر حماس نے حملہ کیا اور 1200 لوگ مارے گئے جس میں 40 سے زائد امریکی بھی شامل تھے، 46 امریکیوں سمیت درجنوں لوگوں کا قتل کیا گیا، 250 معصوموں کو یرغمال بنایا گیا، مجھے ان کا بڑا غم ہے، حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر بم برسائے۔ ہم اسرائیل کو سیکیورٹی دینے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔امریکی صدر غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو دنیا کے سب سے بڑے فورم پر اس کا حق کہتے ہوئے وہاں شہید معصوم شہریوں سے متعلق بات کرنا بھول گئے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستی حل ہے، فلسطینیوں کو اپنی ریاست میں رہنے کا حق ملنا چاہئے، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، غزہ کی صورتحال خراب ہے لیکن سفارتی حل اب بھی ممکن ہے۔جو بائیڈن نے کہا کہ مشرق وسطی میں جنگ کا پھیلاو کسی کے حق میں نہیں، غزہ میں ہزاروں شہری اور اسرائیلی قیدیوں کے اہلخانہ سخت مشکل سے گزر رہے ہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا سلامتی کونسل کی توسیع کے حق میں ہے، اقوام متحدہ کو دنیا میں امن قائم کرنے کے اپنے بنیادی کام کی طرف لوٹنا پڑے گا۔جو بائیڈن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے ہماری زندگی بدل دی ہے ہمیں اس ٹیکنالوجی کا استعمال ذمہ داری سے کرنا ہوگا اور اسے محفوظ بنانا ہوگا، مصنوعی ذہانت کو اچھے اور برے دونوں کاموں میں استعمال کیا جارہا ہے، مصنوعی ذہانت کیلئے عالمی قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے میرا چوتھا اور آخری خطاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، دنیا میں بہت سے لوگ مشکلات کو دیکھ رہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ مشکلات سے نکلنے کا کوئی نہ کوئی راستہ ہوتا ہے۔جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ میں نے بطور صدر افغان جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ، یہ فیصلہ مشکل تھا۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ آج جو ہم نے فیصلے کرنے ہیں وہ مستقبل کے فیصلے ہوں گے، مستقبل میں ہمیں موسمیاتی تبدیلی، بھوک اور دیگر چلینجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ امریکی صدر نے کہا کہ میں نے یوکرینی لوگوں سے کہا کہ اپنے لئے کھڑے ہوں، آج نیٹو پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، ہمارا اتحاد کسی قوم کے خلاف نہیں ہے۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت، مشرق وسطی میں جنگ کا پھیلائو کسی کے حق میں نہیں، جوبائیڈن



