اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بیساکھیوں پر چل کر آنے والوں سے حکومت نہیں چل رہی پاکستان تحریک انصاف کے راہنما رؤف حسن اور ابوذرسلمان نیازی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے، جس کا جو جی چاہتا ہے وہ اپنی طرح کا قانون بناتا ہے، جنہوں نے ملک کیلئے کچھ اچھا کرنا چاہا انہیں عبرتناک مثال بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیادرکھی انہوں نے ملک کے عوام کو سیاسی شعور اور 73 کا آئین دیا اورآج انہی کا نواسا کلہاڑی لے کر آئین کی جڑوں پر ضربیں لگارہا ہے یہ اپنے نانا کے بنائے گئے آئین کو پاش پاش کررہے ہیں. شبلی فراز نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو دفاعی طور پر ناقابل تسخیر بنایا ان کے ساتھ کیا کیا گیا اب ایک شخص عالمی و مقامی سطح پر ملک کیلئے عزت و وقار لایا اس شخص نے ورلڈکپ اور ملک میں حقیقی آزادی کا شعور دیا اس نے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی بنائی سب دیکھ رہے ہیں ان کے ساتھ کیا کیا جارہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ قانون و آئین کی بالادستی کی بات کی ہے سب دیکھ رہے ہیں کہ ملک کے سابق وزیراعظم کے ساتھ کیا ہورہا ہے عمران خان کو جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے ملاقاتوں میں مشکلات پیش آتی ہیں عمران خان کو اپنے بچوں کے ساتھ بات نہیں کرنے دی جارہی. انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھا جارہا ہے اس ملک کے عوام کس طرح زندگی گزار سکتے ہیں عوام کو جان ومال اور عزت کی کوئی گارنٹی نہیں ریاست کا کام لوگوں کی عزت جان اور مال کی حفاظت کرنا ہوتا ہے جنگل کے قانون میں عوام کے جان و مال کی حفاظت نہیں ہوتی جنگوں میں بھی قوانین ہوتے ہیں بچوں ‘بوڑھوں اور خواتین کے حقوق ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشری بی بی بالکل غیر سیاسی خاتون ہیں عمران خان اور ان کی اہلیہ پر بے بنیاد مقدمے بنائے گئے ہیں آئین وقانون کی پاسداری کے علاوہ ملک نہیں چل سکتا یہ سیاسی طور پر عمران خان اور ان کی پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتے 8فروری کو عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا تھا. شبلی فرازنے کہاکہ ملک میں سب سے بڑے سٹیک ہولڈرز عوام ہیں عوام کے مینڈیٹ کو قبول کیے بغیر کوئی تبدیلی نہیں آسکتی یہ الیکشن عوام نے تحریک انصاف کو دیا تھا مضحکہ خیز انتخابی نشانات ہونے کے باوجود عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا حکومت مخصوص نشستوں کی صورت میں خیرات لینا چاہتی ہے اگر حکومت خیرات لینا چاہتی ہے تو وہ ثابت کرے کہ وہ اس کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک سیاسی جماعت نہیں آلہ کار ہیں‘کندھوں پر آئے ہوئے لوگ ہیں‘ یہ بیساکھیوں پر چلنے والے لوگ ہیں ان سے حکومت چل نہیں رہی تمام قانونی ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہورہی ہے انہوں نے کہاکہ لاہور میں جلسہ ہورہا ہے جلسے کیلئے ہائی کورٹ میں اجازت کیلئے درخواست بھی دی ہوئی ہے ہم نے پہلے بھی پرامن جلسے کیے ہمارا لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی جلسے کرنے کا پروگرام ہے۔



