کراچی (نیشنل ٹائمز) ڈھاکا سے باکو جانے والی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہونے کے سبب بوئنگ طیارے نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی،فلائی پرو ایئرلائن کی پرواز ایف پی 5202 ڈھاکا سے باکو جا رہی تھی کہ بھارتی فضائی حدود میں طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی اور جب طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو مبینہ طور پر فنی خرابی برقرار رہی،پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کراچی سے رابطہ کیا جس پر لینڈنگ کی اجازت ملنے پر پائلٹ نے پرواز کو ری روٹ کیا اور سکھر سے طیارے کو کراچی کی طرف موڑ دیا۔
پرواز نے رات پونے 3 بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ کارگو طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے اور معائنہ کیا جا رہا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق باکو فلائٹ نے ایندھن کی کمی کے باعث کراچی لینڈ کیا۔
فلائی پرو کمپنی کی پرواز بغیر کسی مدد کے بحفاظت رات 2 بج کر 40 منٹ پر کراچی اتری۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی شارجہ سے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی پرواز کے مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
ترجمان ایوی ایشن کے مطابق طیارے میں سوار 42 سالہ بنگلا دیشی شہری کا انتقال ہو گیاتھا۔ ایئر عربیہ کی پرواز جی 9512 نے مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے شارجہ سے ڈھاکا کیلئے اڑان بھری، روانگی کے ڈیڑھ گھنٹے بعد پرواز بھارتی فضائی حدود میں تھی کہ طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کر کے کراچی میں میڈیکل ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیاتھا۔
اے ٹی سی سے اجازت ملنے پر پرواز نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔شارجہ سے ڈھاکا کی پرواز پونے 2 گھنٹے تک کراچی ایئر پورٹ پر موجود رہی تھی۔ طیارہ صبح سوا 6 بجے میت لے کر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی سے ڈھاکا کیلئے روانہ ہوگئی تھی۔



