اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اسلام آباد جلسے کے لیے کارکنوں کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو کسی بھی صورتحال میں اسلحے کا استعمال نہ کرنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، قیادت نے مقامی عہدیداروں کو قافلے میں شامل لوگوں پر کڑی نظر رکھنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
اس ضمن میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر اسے پکڑا جائے، جلسے میں کسی قسم کی بدامنی نہیں ہونی چاہیے، یوتھ ونگ ماسک، نمک اور شیلنگ سے بچاؤ کے دیگر آلات اپنے ساتھ رکھیں، راستے میں آنے والی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے قافلوں میں کرینز، واٹر کیننز اور دیگر مشینری بھی شامل ہو گی۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد کے علاقہ سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، جلسے کے لیے اسٹیج تیار کر لیا گیا اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں، تاہم جلسے کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام مرکزی شاہراہیں اور چھوٹے بڑے راستوں کو کنٹینرز لگا کر اور بڑی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، ، جلسے کی سکیورٹی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے راولپنڈی اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کردی گئی، اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسہ گاہ کے قریب ہوٹل بند کرواتے ہوئے شرکاء کو کھانا و رہائش دینے پر پابندی عائد کردی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقہ سنگجانی میں آج ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر جلسہ گاہ کے اطراف تمام ہوٹل، دکانیں اور گیسٹ ہاؤس بند رکھنے کا حکم دے دیا گیا، اس سلسلے میں سنگجانی پولیس کی جانب سے 7 سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے آرڈر جاری کیے گئے، تحریک انصاف جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کردیا گیا، جس کے تحت کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا، تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔



