راولپنڈی ( نیشنل ٹائمز) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ مہمند میں سکیورٹی فورسز نے غلنئی ہیڈ کوارٹرز میں داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گرد ہلاک کردیئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے غلنئی ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی، ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش لیکن اس حملے کو پسپا کردیا گیا اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیمپ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جس کے نتیجے میں 4 خارجی ہلاک ہوگئے، چاروں خوارج خودکش بمباروں کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا، علاقے میں کسی اور خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیرملکی شہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں کیلئے آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی،دہشتگردی کے پھیلاؤ میں ملوث بیرونی طاقتوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ تمہارے مذموم ارادوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم فتنے کو جہاں پائیں گے سرکوبی کریں گے، جب تک اس فتنے کا اختتام نہ ہوجائے، دہشتگردوں کے خاتمےکی اس طویل جنگ میں نا صرف افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے، غیوم عوام ، بالخصوص خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے بہادر عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، یہ قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہیں جن ک حیات جاوداں کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے سورة آل عمران کی آیت نمبر 169میں ارشاد فرمایا کہ ” اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے جائیں ، ہرگز انہیں مردہ نہ سمجھو، وہ زندہ ہیں، اپنے رب کے پاس رزق پاتے ہیں“۔
آر می چیف نے کہا کہ گزشتہ 20سال کے عرصے میں فتنہ الخوارج اور دوسرے دہشتگردوں کے خلاف لاتعداد قربانیوں کا ثمر پاکستان کی سالمیت اور بتدریج استحکام کی صورت ظاہر ہے، ماضی میں جن اقدامات کا تصور بھی مشکل تھا، وہ آج حقیقت میں ہمارے سامنے ہیں، فتنہ الخوارج کے خلاف آواز، پیغام پاکستان، مغربی سرحدوں کا باضابطہ انتظام، قبائلی علاقہ جات کی صوبے میں شمولیت، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں معاشی سماجی ترقی کے اقدامات، وہ اہم کامیاں ہیں جو افواج پاکستان کے عزم ، شہداء غازیوں کی قربانیوں کا ثمر ہیں، افواج پاکستان اور عوام کا رشتہ دل کا رشتہ ہے، بیرونی جارحیت کے خلاف معرکہ ہو، یا دہشتگردی کے خلاف جنگ، اقدرتی آفات میں امداد ہو، یا قومی ترقیاتی منصوبوں میں کردار ، عوام نے ہمیشہ افواج کو تقویت دی ہے، یہ مضبوط رشتہ پاکستان کے دشمنوں کی شکست کا ضامن ہے، جو قوتیں افواج ور عوام میں خلیج پیدا کرنے کیلئے متحرک ہیں، انہیں ہمیشہ کی طرح شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔



