اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)ملک میں خلیج بنگال سے ہوائیں آج داخل ہوں گی محکمہ موسمیات نے4 ستمبر تک بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے رپورٹ کے مطابق آج سے خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے مختلف علاقوں میں داخل ہوں گی. اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے خیبرپختونخوا میں آج اور کل موسلادھار بارشیں متوقع ہیں جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 3 سے 4 ستمبر کو تھرپارکر سے حیدرآباد، ٹھٹہ تک بارش ہو سکتی ہے جبکہ کراچی میں بھی 4 ستمبر کو ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے.
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے مون سون بارشوں کا اسپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی، اٹک ، چکوال، جہلم ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانولہ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، چنیوٹ، قصور، نارووال، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ، بہاولپور، بہاولنگر اور خان پور میں بارش کا امکان ہے اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، ملتان، لیہ، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی بارشیں متوقع ہیں.
ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریائے سندھ، چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی نارمل صورتِ حال ہے منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 79 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ، پنجاب کے دریاؤں میں فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں.
دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہو گا بارشوں سے گرمی کی شدت میں واضح کمی ہو گی انہوں نے بتایا کہ رات کو موسم کافی حد تک بہتر ہونا شروع ہو جائے گا ہوا میں نمی کا تناسب بھی کم ہو جائے گا. ادھرحالیہ بارشوں سے شدید متاثر صوبے بلوچستان میں بھی بارش برسانے والا ایک اور سسٹم داخل ہوگیا جس کے بعد ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا ہے پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا کہ بارش برسانے والا اسپیل بلوچستان کے 22اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے.
پی ڈی ایم اے نے کہاہے کہ 22 اضلاع میں ژوب، کوئٹہ، سبی، ہرنائی، زیارت، کوہلو، بارکھان، لورالائی،شیرانی اور دکی‘ قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، خضدار، قلات، سوراب، نصیر آباد، جھل مگسی، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی، آواران، کچھی، حب اور لسبیلہ بھی ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے اضلاع میں شامل ہیں اس کے علاوہ قلات، بارکھان، لسبیلہ اور خضدار میں موسلادار بارشوں سے طغیانی کا خدشہ ہے اس میں تمام اضلاع کے پکنک پوائنٹس اور نشیبی علاقوں کے قریب سے شہریوں کو دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



