سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کھڑی ہو جائیں، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں چھوٹے چھوٹے اختلافات بھلا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کھڑی ہو جائیں۔ ٹائن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام صحت سے متعلق آگاہی سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹائن انٹرنیشنل کی نمایاں کامیابیوں، صحت اور تندرستی کے لیے غیر متزلزل عزم پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار ٹائن انٹرنیشنل کی صحت سے متعلق آگاہی اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کے لیے جاری کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، روایتی چینی ادویات اور طریقہ علاج کو فروغ دینے کے لیے ٹائن انٹرنیشنل کی لگن نے لاتعداد افراد کی زندگیوں پر نمایاں اثر ڈالا ہے اورصحت سے متعلق مسائل سے نمٹنے پر توجہ قابل ستائش ہے، ٹائن انٹرنیشنل کی کاوشیں ہمارے قومی صحت کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ صحت مندانہ ماحول کا فروغ ہماری قوم کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں معاون ثابت ہو گا۔عوامی ترقی کی تعلیم ایک اہم شعبہ ہے، جہاں ٹائن انٹرنیشنل کو سبقت حاصل ہے، صلاحیت کو نکھارنے کے تربیتی پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کے سماجی حالت بہتر بنانے میں ٹائن انٹرنیشنل اہم کردار ادا کر رہا ہے، آنے والی نسلوں کو دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنا اہم ہے، ہم پاکستان کا 77 واں یوم آزادی بھی منا رہے ہیں اور یہ ہمارے دلوں کو حب الوطنی کے جذبات سے بھر دیتا ہے، آئیے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ایک مضبوط، زیادہ متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی ملکر صحت سے متعلق آگاہی اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں تعاون کریں، مل کر ہم ایک ایسا ماحول بنا سکتے ہیں جہاں صحت کی تعلیم کو ترجیح دی جائے اور جہاں ہر شہری کو صحت مند زندگی گزارنے کے لیے درکار وسائل تک رسائی حاصل ہو، صحت مند، زیادہ خوشحال پاکستان بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتا ہوں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے نوازا ہے، پاکستان بہت بڑا ملک ہے، 24 کروڑ کی آبادی ہے، پاکستان کے نوجوان اس دنیا کو بدل سکتے ہیں اور اگر پاکستان کو خدانخواستہ دشمنوں سے کسی قسم کا خطرہ ہوا تو نوجوان طبقہ ملک کا دفاع کرے گا، پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستان کے لیے، پاکستان کی سالمیت اور فلاح و بہبود کے لیے ہم سب ایک ہیں، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مستقبل کے لیے پاکستان کے عوام، قانون نافذ کرنے والے ادارے ، سیکیورٹی فورسز کے جوان اپنا آج قربان کر رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی تعمیر اور ترقی کے لئے کھڑے ہو جائیں، اس وقت قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے، پاکستان امن پسند ملک ہے، کسی سے لڑنا نہیں چاہتا تاہم ہم کسی قسم کی جارحیت کا بھر پور جواب دیناجانتے ہیں، پاکستان کے عوام مستقل مزاج ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ترقی ہو۔



  تازہ ترین   
پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ‘ طے پا گیا
آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، پونچھ اور پلندری میں پولنگ ملتوی
ترک صدر آج سعودیہ پہنچیں گے، شہباز شریف، محمد بن سلمان سے ملاقات طے
خیبرپختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 10 خارجی ہلاک
عدالت نے ایل پی جی کمپنیوں کی اضافی پریمیم وصولی فوری روک دی
سلامتی کونسل کی جانب سے سوات میں دہشت گرد حملے کی مذمت
تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی، ایاز صادق کا مؤقف
تھائی لینڈ میں سکول میں فائرنگ سے 9 افراد ہلاک، 15 زخمی





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر