اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے قائم کی گئی کابینہ کمیٹی برائے رائٹ سا ئزنگ کی تجاویز کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں یہ منظوری دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں 6 وزارتوں پر کمیٹی کی سفارشات کا نفاذ شروع کیا گیا ہے، ان وزارتوں کے 82 سرکاری اداروں کو 40 اداروں میں ضم اور تحلیل کرنے کیلئے سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔
اداروں کی تحلیل اور ضم کرنے سے متاثر ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لئے بھی ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹائزیشن، سمارٹ مینجمنٹ، ایفیشینٹ گورننس، منصوبوں پر شفاف اور تیز عملدرآمد اور عام آدمی کو سہولیات کی بہتر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ کارکردگی بہتر بنانے، افرادی قوت کے صحیح استعمال، پالیسی سازی، فیصلوں کے نفاذ میں غیر ضروری تعطل ختم کرنے اور صرف انتہائی ضروری محکموں کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں 6 وزارتوں پر کمیٹی کی سفارشات کا نفاذ شروع کردیا گیا ہے۔
82 سرکاری ادارے 40 اداروں میں ضم، وفاقی کابینہ نے رائٹ سائزنگ کی سفارشات منظور کرلیں



