رحیم یار خان ( نیشنل ٹائمز) رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر حملہ، 11 اہلکار شہید، بارش کے پانی میں پھنس جانے والے پولیس کے قافلے پر کچے کے ڈاکووں کا راکٹوں سے حملہ، مزید شہادتوں کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے افسوسناک اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رحیم یار خان میں پولیس کی گاڑیوں پر کچے کے ڈاکووں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔
پولیس کی 2 گاڑیاں جن میں 20 اہلکار سوار تھے، وہ جب بارش کے پانی میں پھنسی تو عین اسی وقت کچے کے ڈاکووں نے حملہ کر دیا۔ کچے کے ڈاکووں کی جانب سے راکٹ لانچرز کا استعمال کیا گیا۔ راکٹ لانچر کے حملے میں پولیس موبائلیں تباہ ہوگئیں، واقعے کے بعد ضلع بھر کی پولیس کی بھاری نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کرلیا گیا ہے، نفری کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کررہے ہیں، صورت حال کے پیش نظر جائے وقوعہ پر ایمبولینسسز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ حملے کے نتیجے میں آخری اطلاعات تک 11 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شہادتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔



