اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں اور آرمی چیف یکجان دوقالب ہوکر پاکستان کے عظیم مقصد کیلئے کام کررہے ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ سیاستدانوں اور اداروں کو آئینی حدود میں مل کرکام کرنا ہوگا، آج ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے بعض غلطیوں کی وجہ سے پھر دہشتگردی شروع ہوگئی ہے، پنجاب حکومت نے جو ریلیف دیا اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے اسلام آباد میں یوتھ کونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے- پاکستان کی نوجوان نسل ٹیلنٹ سے بھرپور ہے، ہمیں کل کے دن کو روشن بنانے کے لیے آج سے تیاری کرنا ہوگی۔ ہم مل کر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور پاکستان کی تقدیر بدلیں گے میں بلا خوف و تردید یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جہاں پر ہمیں معیشت کو درست کرنا ہے اسے مستحکم کرنا ہے وہیں نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کیلیے تمام وسائل اپ کے قدموں میں نچھاور کروں تو وہ کم نہیں ہوں گے۔
دہشتگردی کا خاتمہ ہوچکا تھا چند غلطیوں سے دوبارہ لہر آئی- دہشتگردی کی جنگ میں 70 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، ہم ہر صورت دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔ میرا ایمان ہے کے یہ نوجوان نسل پاکستان کی تقدیر بدلے گی – ہمیں اگر ترقیاتی بجٹ سے بھی فنڈز نکالنے پڑے تو نوجوانوں کی ترقی کے لیے پیش کریں گے- پاکستان کی ترقی کی کنجی آپ کے ہاتھ میں ہے آپ نے کل کے پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنانا ہے اس کے لیے حکومت وقت کا یہ فرض منصبی ہے کہ وہ اس تابناک کل کے لیے پوری تیاری کرے۔
نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں گے تاکہ نوجوان ترقی اور خوشحالی کا انقلاب لاسکیں۔ سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق پاکستان ایک زمانہ میں تیزی سے ترقی کے راستے پر گامزن تھا، پی آئی اے کے ماہرین نے کئی برادر ممالک کی ایئر لائنز بنا کر دیں لیکن بدقسمتی سے ہمیں آج اس ادارے کی نجکاری کرنی پڑ رہی ہے، پاکستان کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کی کاپی کی گئی اور جنوبی کوریا پاکستان کے راستے پر چلا اور آج بدقسمتی سے جنوبی کوریا اور پاکستان کی ترقی کا موازنہ کریں تو وہ ہم سے آگے نکل چکا ہے، ہمیں بلاتاخیر یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہے گا یا ہم نے آگے بڑھنا ہے، پاکستان میں موجود کروڑوں نوجوانوں نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے نوجوانوں کو تمام وسائل مہیا کرنے ہیں تاکہ معیشت بہتر ہو سکے، بطور وزیراعلیٰ نوجوان نسل کو لاکھوں لیپ ٹاپس میرٹ پر مہیا کئے، پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے 22 ارب روپے کے وظائف طالب علموں کو دیئے، یہ ہونہار نوجوان آج اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، پنجاب انڈومنٹ فنڈ اب پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ بن چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نوجوان نسل کی تعمیر کریں گے، سمال میڈیم انٹرپرائزز میں نوجوانوں کو آگے لائیں گے، سٹیٹ بینک سے اس حوالہ سے بات چیت ہوئی ہے، وہ نوجوانوں کو 40 فیصد قرض فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان میں پاکستان مخالف تحریک چلانے والے اور نظریہ پاکستان کو دفن کرنے کی بات کرنے والے کے مجسمے تک توڑ دیئے گئے، اس سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مشکلات کا سامنا کریں گے اور ان کا حل نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی عام آدمی کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، ہم نے ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے نکال کر 86 فیصد گھریلو صارفین کو ریلیف دیا، پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 45 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے، اس سے گھریلو صارفین کو بڑا ریلیف ملے گا، اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے بلکہ دیگر صوبے بھی اس میں حصہ ڈالیں، آج پاکستان کو تقسیم نہیں بلکہ اتفاق اور اتحاد کی ضرورت ہے، ہم اگر نیک نیتی سے پاکستان کی حالت بدلنے کا عزم کر لیں تو پاکستان اقوام عالم میں عزت اور وقار کے ساتھ سر اٹھا کر چل سکتا ہے، آج کے معروضی حالات کا تقاضا ہے کہ سیاستدان مل کر اس ملک کی خدمت کریں اور آئینی اداروں کے ساتھ ان کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مل کر کام کریں گے تو تاریخ ہمیشہ ہمیں یاد رکھے گی وگرنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، ہم مسلح افواج پاکستان کے سپہ سالار کے ساتھ مل کر یکجان دو قالب ہو کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔



