اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا طریقہ کار طے کرلیا، وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 29 ستمبر کو شیڈول ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات 3 مختلف مراحل میں ہوں گے، پہلے مرحلے میں 125 یونین کونسلز کی 1625 نشستوں پر براہ راست الیکشن ہوگا، اسلام آباد کی ہر یونین کونسل میں 13 نشستوں پر الیکشن ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین، 6 جنرل، 2 خواتین، مزدور، کسان، نوجوان اور غیر مسلم کی ایک ایک سیٹ پر الیکشن ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد کی 125 یونین کونسلز میں بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیاد پر ہوگا، بلدیاتی الیکشن سیکرٹ ووٹنگ کے تحت ہوگا، چئیرمین وائس چئیرمین مشترکہ امیدوار کے طور پر منتخب ہوں گے، متعلقہ یونین کونسل میں درج ووٹر ہی الیکشن لڑ سکے گا، بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے تعلیم کی کوئی شرط نہیں، نوجوان کی نشست کیلئے کم از کم عمر 18 تا 25 سال ہونا لازمی ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چئیرمین وائس چئیرمین دو لاکھ اور باقی نشستوں کے امیدوار ایک لاکھ روپے تک انتخابی خرچ کرسکیں گے، چیئرمین وائس چیئرمین کی کاغذات نامزدگی فیس 5 ہزار جب کہ باقی نشستوں کے امیدواروں کی فیس 2 ہزار روپے ہوگی، چئیرمین، وائس چئیرمین کے بیلٹ پیپر کا رنگ ہلکا نیلا ہوگا، جنرل نشست کے امیدواروں کے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید، خواتین کے بیلٹ پیپر کا رنگ گلابی ہوگا، مزدور کسان کے سبز، نوجوان کا پیلا اور اقلیت کا بیلٹ پیپر ہلکا سبز رنگ کا ہوگا۔



