کراچی (نیشنل ٹائمز) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں اداکارہ و ماڈل نمرہ کے مبینہ اغواءکے واقعہ کاڈی آئی جی ساؤتھ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرلیں،ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پروقوعہ تھانہ ساحل کی حدود میں پیش آیا۔ متعلقہ تھانہ واقعے کی تحقیقات کررہا ہے خاتون نے ابھی تک پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداکارہ کے رابطہ کرنے پر ان کی شکایت درج کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ واقعاتی شہادتوں کو موثر بناتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ انصاف کی فوری فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔پولیس کا ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کریں اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے ۔
خواتین کا احترام اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اس میں کسی قسم کی رعایت برداشت نہیں کی جائیگی۔یاد رہے کہ پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے ایک روز قبل ہونے والے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنادی تھی۔اداکارہ نمرہ خان نے اس بات کا اظہار اپنے انسٹاگرام اکاو¿نٹ پر جاری ایک ویڈیو میں کیا تھاجس میں انہوں نے اپنے اغوا کی کوشش کا واقعہ صارفین کو بتایا۔
اداکارہ نمرہ کا کہناتھا کہ واقعہ ایک روز قبل پیش آیا تھاجب وہ ڈیفنس کے ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کررہی تھیں ان کی فیملی انہیں پِک کرنے آرہی تھی کہ گاڑی ٹریفک میں پھنس گئی جس کے بعد بارش شروع ہوگئی اور وہ ہوٹل کے باہر کھڑی انتظار کرنے لگیں۔اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 3 مسلح افراد آئے اور ان کے قریب گاڑی روکی۔ اسلحے کے زور پر انہیں زبردستی کھینچ کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی گئی۔
ایک شخص نے میرے پیٹ پر بندوق رکھی جس کے بعد میں نے چیخیں مارنا شروع کردیں اور مزاحمت کرکے بھاگی جس وقت یہ ہورہا تھا اس وقت ہوٹل کے گارڈز سامنے تھے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ میری کسی نے مدد نہیں کی اس وقت کچھ بھی ہوسکتا تھا وہ پیچھے سے مجھے گولی مار سکتے تھے لیکن میں بچ گئی۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں نے سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی کو روکا اور اس میں موجود فیملی نے اور ہوٹل کے سٹاف نے میری مدد کی اورمجھے اندر لے گئے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں کل سے جس ڈپریشن یا انزائٹی میں ہوں وہ میں جانتی ہوں۔ میں فون پر فیملی سے بات کررہی تھی۔ میری چیخیں سن کر جو ان پر گزری میں بیان نہیں کرسکتی۔ والدہ ہسپتال میں داخل ہوگئیں۔



