کراچی(نیشنل ٹائمز) پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے پرارشد ندیم کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، گورنر کراچی کامران ٹیسوری ، گورنر پنجاب سلیم حیدر ،گلوکار علی ظفر، کاروباری شخصیت علی شیخانی اور نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مالک سلمان اقبال سمیت اہم شخصیات نے کیش انعامات، گاڑی اور اپارٹمنٹ جیسے انعامات دینے کا اعلان کر دیا۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بن گئے اور قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے 10کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔ جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ گورنر کراچی کامران ٹیسوری نے 20لاکھ روپے اور ایک آئی فون 15پرومیکس، گورنر پنجاب نے ارشد ندیم کیلئے 10لاکھ روپے، 10لاکھ روپے گلوکار علی ظفر، علی شیخانی نے ایک گاڑی اور سلمان اقبال نے ایک اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کیا۔



