اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ عمران خان ایک سکیورٹی رسک ہیں،ملک کی سلامتی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا، فوج کو سیاست میں لانے کیلئے ایک نئی سازش تیار کی گئی ہے، اب کہتے کہ نمائندہ مقر ر کرو،انہیں پتا ہے کہ سوشل میڈیا کے تانے بانے ملک دشمنوں سے ملتے ہیں، پہلے تھا کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، اب نئی فلم پلیز مجھ سے بات کرو۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ٹریلر چلایا گیا کہ میں کسی کو چھوڑوں گا نہیں، اب نئی فلم آئی ہے کہ مجھ سے پلیز بات کرو،سمجھ نہیں آتا کہ آپ 9مئی کو حملے کرتے ہیں اور شہداء کی یادگاروں کو مسمار کرتے ہیں، پی ٹی آئی سوشل میڈیا سیل قومی سلامتی اداروں اور فوج کے خلاف منظم مہم چلاتا ہے، ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کرتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط لکھنا اور ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں سائفر لہراتے ہیں، ملکی تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جھوٹا بیانیہ گھڑتے ہیں ، پوری دنیا نے سنا کہ ہم نے سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے۔
اب مطالبہ کرتے ہیں کہ پلیز مجھ سے بات کرلو، اس سے ثابت ہوا کہ جب ادارہ نیوٹرل ہوا تو اب اپنی حمایت مانگ رہے ہیں کہ میری حمایت کی جائے، آپ کے جرائم کی فہرست اتنی لمبی ہے کہ ختم ہونے کا نام نہیں لیتی، کورکمانڈر ہاؤس کے باہر آپ کی تینوں بہنیں موجود تھیں، آپ سی سی ٹی وی کی بات کرتے ہیں فوٹیج میں سب آیا ہے آپ کی بہنیں اور بھانجا ، پارٹی کے لوگ موجود ہیں،آپ کی پارٹی نے اجلاس کیا جس میں شفقت محمود اور صمصام بخاری نے اختلاف کیا کہ ہم نے کورکمانڈر ہاؤس نہیں جانا، فوجی تنصیبات پر حملے نہیں کرنے، چاغی کا پہاڑ نہیں جلانا۔
مگر آپ کی جماعت کے لوگ کہتے رہے خان نہیں تو پاکستان نہیں، حملے کرو، جلاؤ گھیراؤ کرو۔آج کہتے ہو بات چیت کیلئے نمائندہ مقرر کیا جائے، سمجھ نہیں آتی کہ کبھی گریباں پکڑتے کبھی پاؤں ، ملک کی سلامتی پر کوئی کمپرومائز نہیں، آپ ملک کیلئے سکیورٹی کیلئے رسک ہیں، فوج کو سیاست میں لانے کیلئے جیل کے اندرایک نئی سازش تیار کی گئی ہے۔ نمائندہ مقر ر کرنے کی بات اس لئے کی گئی کہ ان کو پتا کہ ان کے سوشل میڈیا کے تانے بانے ملک دشمنوں سے ملتے ہیں۔ خیبرپختونخواہ میں 11سال سے حکومت ہے وہاں امن قائم کرنے کیلئے کیا گیا؟ اب کہتے مجھ سے پلیز بات کرو۔ آج ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے، عمران خان کی موجودگی میں ملک میں استحکام نہیں آسکتا۔



